پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتہ کو ادا کی جائیں گی

   

جمعہ‘ عوامی دیدار اور خراج عقیدت پیش کرنے کا آخری دن‘عالمی قائدین کا خراج

ویٹیکن سٹی :ویٹیکن نے بالآخر اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے کہ پیر کے روز وفات پانے والے پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتہ کے روز ادا کر دی جائیں گی۔ ان لوگوں کیلئے اوقات کی بھی تصدیق کر دی گئی ہے جو آنجہانی پوپ کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ویٹیکن کے اعلان کے مطابق پوپ کے تابوت کو چہارشنبہ کی صبح ہی سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں منتقل کر دیا گیا ہے اور مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے سے نصف شب تک اسے عوام کے دیدار کے لیے کھلا رکھا گیا۔ البتہ جمعرات اور جمعہ کے روز باسیلیکا کو ویٹیکن کے وقت کے مطابق صبح سات بجے سے کھول دیا جائے گا۔جمعہ کے روز باسیلیکا کو شام سات بجے ہی بند کر دیا جائے اور اس طرح عوامی دیدار کا سلسلہ بند ہو جائے گا اور ہفتہ کو ان کی آخری رسومات ادا کر دی جائیں گی۔کیتھولک چرچ کے سربراہ پیر کو 88 برس کی عمر میں فالج کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ حال ہی میں انہیں ڈبل نمونیا جیسی بیماری ہوئی تھی جس کے بعد سے ان کی صحت خراب رہنے لگی تھی۔اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، پرنس آف ویلز اور برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا اور برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر جیسے عالمی رہنما نے پوپ فرانس کی آخری رسومات میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔البتہ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور جرمنی کے ممکنہ اگلے چانسلر فریڈرش میرس اس میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔پولینڈ کے صدر اندرزیج ڈوڈا، یورپی یونین کمیشن کی صدر ارزلا فان ڈیر لائن، یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی اور اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی جیسے رہنماؤں بھی آخری رسومات میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔