وٹیکن سٹی ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس علیل ہوگئے ہیں اور انھوں نے جمعرات کو پہلے سے طے شدہ ایک مذہبی جلوس میں شرکت نہیں کی ہے۔ وٹیکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 83 سالہ پوپ کی طبیعت چہارشنبہ کو معمولی خراب ہوئی تھی۔وہ جمعرات کو اپنا معمول کا کام کریں گے لیکن وہ سانٹا مارٹا کے نزدیک ہی ٹھہریں گے۔واضح رہے کہ پوپ فرانسیس وٹیکن میں واقع اس ہوٹل میں ٹھہرتے ہیں۔
لیکن ویٹی کن نے یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ پوپ کو کیا عارضہ لاحق ہوا ہے لیکن بدھ کو ایک مذہبی اجتماع کے دوران میں پوپ کو کھانستے ہوئے دیکھا گیا تھا اور ان کی ناک سے پانی بہ رہا تھا۔
ان کی طبیعت ایسے وقت میں ناساز ہوئی ہے جب اٹلی میں بھی مہلک کرونا وائرس پھیل چکا ہے اور اس سے ملک بھر میں چار سو سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں مگر یہ کم وبیش تمام افراد ملک کے شمالی علاقوں میں رہتے ہیں۔ روم میں کرونا وائرس سے تین افراد متاثر ہوئے تھے لیکن وہ شفایاب ہوچکے ہیں۔پوپ فرانسیس جمعرات کو روم میں سینٹ جان لیٹرن باسلیکا میں جانے والے تھے جہاں انھوں نے اطالوی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے پادریوں سے ملاقات کرنا تھی اور لینٹ میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کرنا تھی۔پوپ فرانسیس روم کے بشپ بھی ہیں لیکن انھوں نے روزمرہ کے مذہبی اعمال کی ادائی کے لیے اپنے ایلچی مقرر کررکھے ہیں۔
