ریونت ریڈی حکومت کی ستائش، انتخابی وعدوں کی تکمیل کا یقین
حیدرآباد۔/25 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گذشتہ دنوں بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے رکن اسمبلی اور سابق اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کا نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور کانگریس قائد راہول گاندھی سے تعارف کرایا۔ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین میں پوچارم سرینواس ریڈی کو ان کے دیرینہ سیاسی تجربہ کی روشنی میں کانگریس پارٹی کافی اہمیت دے رہی ہے۔ نئی دہلی میں اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر پر پوچارم سرینواس ریڈی نے ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی کے علاوہ جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال اور تلنگانہ کی انچارج جنرل سکریٹری دیپا داس منشی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تلنگانہ میں کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے کانگریس حکومت کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے نے پوچارم سرینواس ریڈی سے خواہش کی کہ وہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کو تجاویز پیش کریں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان کیلئے نئی نہیں ہے۔ 1977 میں انہوں نے سیاسی سفر کا کانگریس پارٹی سے آغاز کیا تھا اور 1994 تک کانگریس میں رہے۔ تلگودیشم اور بی آر ایس طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے کے بعد وہ گھر واپسی اختیار کرچکے ہیں۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ جہاں سے ان کے سیاسی سفر کا آغاز ہوا تھا اختتام بھی اسی پارٹی سے ہورہا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ستائش کی جنہوں نے کسانوں کے قرض معافی کے علاوہ دیگر وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے گذشتہ چھ ماہ کے دوران حکومت کی کارکردگی کی ستائش کی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست کی ترقی غریبوں اور کسانوں کے مسائل کے حل میں حکومت سے تعاون کیلئے انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے چیرمین پوچارم بھاسکر ریڈی اور دیگر قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ملکارجن کھرگے نے پوچارم سرینواس ریڈی کو پارٹی کا کھنڈوا پہنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی عوامی مقبولیت کے حامل ہیں اور انہیں امید ہے کہ کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔1