ایک نوجوان بچ نکلنے میں کامیاب ، سیر و تفریح کے دوران حادثہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے پوچم پلی میں ایک کار تالاب میں گر گئی جس کے سبب 5 لڑکے ہلاک ہوگئے ۔ جو سیر و تفریح کے لیے کار میں جارہے تھے کہ بھودان پوچم پلی کے علاقہ جلال پور میں حادثہ پیش آیا ۔ جس کار میں نوجوان لڑکے سوار تھے ۔ وہ کار تالاب میں گر گئی ۔ متوفی لڑکوں کی شناخت ہرشا ، دنیش ، ومشی ، بالو اور ونئے کی حیثیت سے کرلی گئی جو آر ٹی سی کالونی ، ایل بی نگر کے ساکنان تھے ۔ اس حادثہ سے ان کا ایک ساتھی بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا ۔ کار میں کل 6 افراد سوار تھے ۔ منی کنٹہ نامی نوجوان کار کے شیشہ توڑ کر کر کار سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا جس کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔ متوفی لڑکوں کی عمر 20 تا 21 سال کے درمیان بتائی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق تمام لڑکے کل رات تیاری کے بعد حیدرآباد سے بھودان پوچم پلی جارہے تھے کہ جلال پور کے علاقہ میں کار تالاب میں اتر گئی ۔ کار کی رفتار بے قابو تھی اور چلانے والا امکان ہے کہ نشہ کی حالت میں تھا ۔ کار میں سوار تمام افراد حادثہ کے وقت نشہ کی حالت میں ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے چونکہ نشہ کی حالت میں دھت ہونے کے سبب وہ اپنی حفاظت کا کوئی اقدام نہیں کرسکے ۔ اس حادثہ کے بعد مقامی عوام نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور ارباب مجاز سے مطالبہ کیا وہ تالاب کے اطراف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ اس حادثہ کے بعد سڑک کے دونوں جانب ٹریفک جام ہوگیا ۔ پولیس بھودان پوچم پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع