فارمولہ ۔ ای کار ریسنگ مقدمہ : تحقیقات کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی اجازت سے عدالت کا انکار
حیدرآباد۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے فارمولہ ۔ ای کار ریسنگ مقدمہ میں پوچھ تاچھ کیلئے کے ٹی آر کو وکیل ساتھ میں رکھنے کی اجازت دے دی ہے تاہم پوچھ تاچھ کی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ کی اجازت نہیں دی ہے۔ اے سی بی کی پوچھ تاچھ کے موقع پر اپنے ساتھ وکیل رکھنے کی اجازت دینے کی کے ٹی آر نے آج ہائیکورٹ میں لنچ موشن پٹیشن داخل کی تھی جس کا ہائیکورٹ نے جائزہ لیا۔ سماعت کے دوران کے ٹی آر کے وکیل نے سپریم کورٹ کا حوالہ دیا جس میں وکیل کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ کے ٹی آر کے وکیل نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران وکیل رامچندر راؤ کے ٹی آر کے ساتھ رہیں گے۔ کے ٹی آر کے وکیل نے پوچھ تاچھ کے دوران آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی اپیل کی جس کو عدالت نے مسترد کردیا۔ وکیل کو لائبریری میں بٹھاکر کے ٹی آر سے پوچھ تاچھ کرنے کی ہدایت دی۔ چہارشنبہ کے دن اگر کے ٹی آر کے ساتھ پوچھ تاچھ میں شکوک و شبہات ہو تو دوبارہ عدالت سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا۔ ہائیکورٹ نے کے ٹی آر کے وکیل سے 3 وکلا کے نام کی فہرست طلب کی اور کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران کے ٹی آر اور عہدیدار ایک روم میں ہوں تو دوسرے روم میں وکیل کو رکھیں۔ اس طرح شرائط کے ساتھ ہائیکورٹ نے کے ٹی آر کو پوچھ گچھ کے دوران وکیل کو ساتھ میں رکھنے کی اجازت دی ہے۔ 2