پوکسو کیس میں سخت سزا، مجرم کو 20 سال قید اور جرمانہ : ایس پی

   

میدک۔16 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شنکرم پیٹ (اے) منڈل میں پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں صرف سات برس کی معصوم بچی کے ساتھ وحشیانہ جنسی زیادتی کرنے والے ملزم تلاری موہن کو عدالت نے سخت ترین سزا سناتے ہوئے 20 برس قیدِ بامشقت اور 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔ اس فیصلے نے نہ صرف متاثرہ بچی کو انصاف دلایا بلکہ سماج کو ایک واضح پیغام دیا کہ اس قسم کے گھناونے جرائم برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ اس مقدمہ میں پوکسو کے خصوصی پبلک پراسکیوٹر ایڈوکیٹ بالیا اور بھروسہ سینٹر کی لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ سویتا نے جدوجہد کی ۔ ابتداء میں کمسن بچی عدالت میں پیش ہونے اور بیان دینے سے خوفزدہ تھی، مگر ایڈوکیٹ سویتا ہمہ وقت اس کے ساتھ رہیں۔ ڈسٹرکٹ جج نیلیما کی ہدایت پر بچی کا بیان وَلنریبل وِٹنس ڈپوزیشن سینٹر میں ریکارڈ کیا گیا جہاں صرف خاتون وکیل، لیگل ایڈوائزر اور ڈسٹرکٹ جج موجود تھے۔ اس محفوظ ماحول میں بچی نے بہادری کے ساتھ اپنا بیان دیا۔ اس کیس کی تفتیش کرنے والے پولیس افسران نے بھی غیر معمولی ذمہ داری کے ساتھ شواہد جمع کئے ۔ عدالت نے متاثرہ بچی کو جسمانی و ذہنی صدمات کے ازالہ کے ضمن میں 3 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا حکم دیا اور ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کے سکریٹری کو فوری عمل درآمد کی ہدایت جاری کی۔ ضلع ایس پی ڈی وی سرینواس راؤ آئی پی ایس نے کہا کہ ایسے فیصلے معاشرے میں ایک مضبوط مثال قائم کرتے ہیں اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے انصاف کے حصول کے لئے انتھک محنت کرنے والے پولیس عملے اور قانونی ٹیم کی بھرپور ستائش کی اور متاثرہ بچی کے حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔