پُرعزم انگلینڈ کا آج خطرناک ویسٹ انڈیز سے مقابلہ

   

ساوتھمٹن ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبان انگلش ٹیم کا کل ٹورنمنٹ میں خطرناک ثابت ہورہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے مقابلہ ہے اور اس مقابلہ میں ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کریس گیل کا اپنے ہی علاقہ سے انگلینڈ منتقل ہونے والے فاسٹ بولر جوفرا آرچر سامنا توجہ کا مرکز ہوگا۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک نئی مسابقت شروع ہوئی ہے جیسا کہ انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا جہاں دونوں ٹیموں نے ونڈے سیریز کو 2-2 سے برابر کیا تھا۔ اس سیریز میں ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کریس گیل نے 424 رنز صرف 4 اننگز میںاسکور کرنے کے علاوہ اس دوران 39 چھکے بھی لگائے تھے۔ اس شاندار سیریز کے بعد گیل کے حوصلے کافی بلند ہیں اور وہ کل کھیلے جانے والے اہم مقابلہ میں ٹیم کو ایک بہتر شروع فرام کرنے کیلئے پرعزم ہے لیکن ان کا اصل چیلنج فاسٹ بولر آرچر سے ہوگا جوکہ جونیر سطح پر ویسٹ انڈیز میں ہی اپنی صلاحیتیں پروان چڑھائی ہیں لیکن رواں برس اپریل میں وہ انگلش ٹیم کی نمائندگی کی اہلیت حاصل کرنے کے علاوہ حالیہ دنوں میں غیرمعمولی مظاہرے کرتے ہوئے ارباب مجاز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہے۔ آرچر جو ابتداء میں ورلڈ کپ کیلئے معلنہ ممکنہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن ورلڈکپ سے قبل کھیلی گئی سیریز اور آئی پی ایل میں بہترین مظاہرے کرتے ہوئے انہوں نے ورلڈ کپ کی راہ ہموار کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کوچ فلائڈریفر نے کہا ہیکہ دیانتداری سے کہا جائے تو آرچر کو ہم طویل عرصہ سے جانتے ہیں جو کہ باربدوس کیلئے انڈر15، انڈر 17 اور انڈر 19 کیلئے کھیل چکے ہیں۔ آرچر ایک باصلاحیت بولر ہے اور ہم ان کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور دیکھتے ہیں کہ جمعہ کو ہونے والے مقابلہ میں حالات کیا ہوتے ہیں۔ انگلینڈ کیلئے سب سے بڑا خطرہ ویسٹ انڈیز کے آل راونڈر آندرے رسل ہوں گے جنہوں نے آئی پی ایل میں غیرمعمولی مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو ورلڈ کپ کیلئے ایک بڑا خطرہ ثابت کرچکے ہیں۔