پٹاخوں پر مکمل پابندی کا انحصار اس بات پر ہے کہ لوگ ان کا استعمال بند کریں: سپریم کورٹ

   

 نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو دیوالی سمیت دیگر مواقع پر پٹاخے پھوڑنے پر پابندی سے متعلق عدالتی احکامات کی تعمیل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت تک مکمل پابندی پر عمل نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ لوگ پٹاخوں کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ نہ کریں۔جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس ایم ایم سندریش کی بنچ نے کہا کہ ماحول کو آلودہ کرکے جشن منانا مکمل طور پر خود غرضی ہے۔ بنچ نے کہا کہ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ خود غرض ہو رہے ہیں۔ آج کل کے بچے ایسا نہیں کرتے، لیکن بزرگ پٹاخے زیادہ پھوڑ رہے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ لوگ جو بھی (پٹاخے) خریدیں گے اسے پھوڑ دیں گے۔ ایک غلط فہمی ہے کہ جب ماحولیاتی معاملات کی بات آتی ہے تو یہ صرف عدالت کا کام ہے۔