کریم نگر۔ 17/اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دیوالی تہوار کے موقع پر شہر میں پٹاخوں کی دکان کے نزد خصوصی حفاظتی انتظامات کرنے کی جوائنٹ کلکٹر کریم نگر شیام پرساد لال کی متعلقہ عہدیداران کو ہدایت۔ بروز جمعرات کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں محکمہ پولیس ، ریوینو ، فائر ڈپارٹمنٹس کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر جوائنٹ کلکٹرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیوالی کے موقع پر پٹاخوں کی دکانوں کیلئے لائیسنس منظور کئے جائیں۔ شاٹ سرکٹ کے خطرہ سے بچاؤ کیلئے دکانوں کولوز کنکشن والے بجلی کے تاروں سے منسلک نہ کریں۔ دکانوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے ، پانی سے لبریز ڈرموں کو دکانوں کے نزد تیار رکھا جائے۔ پٹاخوں کی قیمتوں کو دکانوں کے باہری سمت چسپاں کیا جائے۔ اس اجلاس میں آر ڈی او کریم نگر آنند کمار، ضلع فائر آفیسر وینکنا ، اے سی پی راگیا نایک و دیگر نے شرکت کی۔