پٹاخے جلانے والوں پرگوتم گمبھیر اور اشون کی تنقید

   

نئی دہلی۔6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اتوارکی رات 9 بجے پورے ملک نے کورونا وائرس کیخلاف اتحادکا ثبوت دیا۔ وزیر اعظم مودی کی اپیل کے بعد ملک کے سبھی لوگوں نے9 بجے، 9 منٹ تک گھروں کی چھت اور بالکنی میں چراغ جلائے۔ اس میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی، نائب کپتان روہت شرما سمیت کئی عظیم کھلاڑی بھی شامل تھے لیکن اس دوران گوتم گمبھیر ناراض ہوگئے۔ صرف گوتم گمبھیر ہی نہیں آر اشون اور سابق آل راونڈر عرفان پٹھان نے بھی لوگوں کے رویے پر سوال کھڑے کردیئے۔وزیراعظم مودی نے لوگوں سے رات 9 بجے، 9 منٹ تک سبھی سے چراغ، موم بتی یا موبائل ٹارچ جلانے کی اپیل کی تھی لیکن کچھ لوگوں نے اس دوران پٹاخے بھی جلا دیئے۔ موجودہ رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیرکو یہ حرکت بیحد غلط نظر آئی اور انہوں نے ٹوئٹ کرکے لکھا، ہم جنگ کے درمیان ہیں، یہ پٹاخے جلانے کا وقت نہیں ہے۔ علاوہ ازیں ٹیم کے سابق آل راونڈر عرفان پٹھان کو بھی یہ بات ٹھیک نہیں لگی اور انہوں نے ٹوئٹ کرکے لکھا سب کچھ صحیح تھا، جب تک پٹاخے نہیں جلائے گئے۔ عرفان پٹھان ہی نہیں ٹیم کے آف اسپنر روی چندرن اشون نے بھی پٹاخے جلانے کو غلط قرار دیا۔ اشون نے ٹوئٹ کیا، میں اس بات سے حیران ہوں کہ ان لوگوں نے پٹاخے کہاں سے خریدے اورکب خریدے۔ یہ بھی ایک اہم سوال ہے۔ واضح رہے کہ اتوار رات 9 بجے ٹیم کے کئی اہم کھلاڑیوں نے اپنے اپنے گھروں پرچراغ جلائے۔ ہندوستانی کپتان کوہلی نے اپنی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کیساتھ چراغ جلایا۔ روہت شرما، ہربھجن سنگھ، سریش رینا نے بھی رات 9 بجے چراغ جلائے۔ سچن تندولکرنے بھی افراد خاندان کے ساتھ اس مہم میں شرکت کر ملک کی اتحاد کی دعا کی۔