غریب و متوسط طبقات پر بوجھ، حکومت کا علامتی پتلہ نذر آتش
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے آج راجندر نگر کے علاقہ میں مرکزی حکومت کے خلاف ریالی کا اہتمام کیا گیا۔ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف منظم کردہ اس ریالی میں کانگریس کارکنوں کے علاوہ مقامی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی عظمیٰ شاکر، ایس سی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین پریتم، نائب صدر جے نریندرا ، راجندر نگر ڈیویژن کے صدر بالراج اور دیگر قائدین نے احتجاج کی قیادت کی۔ مرکزی حکومت کی علامتی ارتھی نکالی گئی جسے بعد میں نذرآتش کیا گیا۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر مجسمہ کے قریب ریالی کا اختتام ہوا۔ کانگریس قائدین نے قیمتوں میں اضافہ کے خلاف نعرہ بازی کی اور الزام عائد کیا کہ گذشتہ سات برسوں میں نریندر مودی حکومت نے عوام پر بوجھ میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام آدمی بالخصوص غریب و متوسط طبقات مہنگائی کا شکار ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نریندر مودی نے سنچری بنالی ہے۔ عظمیٰ شاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں عوام کے حق میں احتجاج منظم کررہی ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تمام محاذی تنظیمیں مرکز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پکوان گیاس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے عوام دوبارہ لکڑی پر پکوان کیلئے مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مرکز کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔