کانگریس ہائی کمان کا فیصلہ، تمام ریاستی یونٹس کو احتجاج میں حصہ لینے کی ہدایت
حیدرآباد۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک میں قیمتوں اور خاص طور پر پٹرول اور ڈیزل کی شرحوں میں اضافہ کے خلاف 11 جون کو ملک بھر میں پٹرول پمپس کے روبرو احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں کو مکتوب روانہ کرکے ہائی کمان کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اور ہر اسمبلی حلقہ میں پٹرول پمپس کے روبرو احتجاج منظم کیا جائے تاکہ مرکزی حکومت پر قیمتوں میں کمی کیلئے دباؤ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 مہینوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں علی الترتیب 25.72 روپئے اور 23.93 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 5 ماہ کے دوران 43 مرتبہ قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔ اس طرح عام آدمی کو لوٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے قومی سطح پر علامتی احتجاج منظم کرتے ہوئے 11 جون کو پٹرول پمپس کے روبرو مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتجاج کے دوران قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں عوام کو درپیش مسائل جیسے قیمتوں میں اضافہ، بیروزگاری اور لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ مسائل کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ عوام کو کانگریس کے احتجاج میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وینو گوپال نے احتجاج کے سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کرنے ہر ریاست میں پردیش کانگریس کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تمام عوامی نمائندوں اور ضلع کانگریس صدور کو احتجاج میں حصہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ کوویڈ قواعد کی پابندی کرکے احتجاج کیا جائے تاکہ کورونا وباء کا کوئی خطرہ نہ رہے۔