پٹرول۔ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، 24 جولائی کے بعد اضافہ کی اعلی ترین سطح پر پہونچا

   

بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ دنوں آئی زبردست تیزی کی وجہ سے ملک میں پٹرول۔ ڈیزل کے داموں میں مسلسل پانچویں دن بھی اضافہ ہوا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، قومی دارالحکومت دہلی میں ہفتہ کو پٹرول 29 پیسے مہنگا ہوکر 73.35 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ یہ 24 جولائی کے بعد قیمت میں اضافہ کی اعلی ترین سطح ہے۔ پانچ دن میں پٹرول 1.32 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔

دہلی میں ڈیزل کی قیمت 24 پیسے بڑھ کر 66.53 روپے فی لیٹر ہوگئی جو 8 جولائی کے بعد یہ سب سے اونچی سطح ہے۔ گزشتہ پانچ روز میں ڈیزل 1.08 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے۔ کولکتہ میں پٹرول کی قیمت 28 پیسے بڑھ کر 76.05 روپے اور ڈیزل 24 پیسے بڑھ کر 66.53 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی۔

ممبئی میں پٹرول 29 پیسے اور ڈیزل 25 پیسے مہنگا ہوا اور یہ دونوں بالترتیب 79.02 روپے اور 69.79 روپے فی لیٹر فروخت ہورہے ہیں۔ چنئی میں پٹرول 32 پیسے مہنگا ہوکر 76.25 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 27 پیسے بڑھ کر 70.34 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔