پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی اضافی قیمتوں کے خلاف احتجاج

   


اتم کمار ریڈی نے سڑک پر پکوان میں حصہ لیا، مہیلا قائدین اور کارکنوں کی شرکت
حیدرآباد: ملک میں پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف کانگریس کی جانب سے آج احتجاج منظم کیا گیا ۔ مہیلا کانگریس کی قائدین نے سڑک پر پکوان کا اہتمام کیا اور خالی گیس سلینڈرس کے ساتھ مظاہرہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، رکن اسمبلی سیتکا ، ترجمان پردیش کانگریس اندرا شوبھن کے علاوہ سنیتا راؤ ، بی سدرشن ریڈی ، بھوانی ریڈی اور دوسروں نے حصہ لیا ۔ لکڑیوں پر پکوان کیا گیا اور پارٹی کارکنوں میں تقسیم کیا گیا ۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے جب سے مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے ، غریب اور متوسط طبقات کو مہنگائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے اور پکوان گیس 850 روپئے ہوچکی ہے۔ قیمتوں پر قابو پانے کیلئے بی جے پی حکومت نے کوئی قدم نہیں اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ بی جے پی کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے غریب اور متوسط طبقات کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کونسل انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں قابو میں تھیں اور منموہن سنگھ حکومت نے مہنگائی پر قابو پالیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کونسل کی دونوں نشستوں پر ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست سے دوچار کردیں۔ انہوں نے خاتون گریجویٹ رائے دہندوں سے بطور خاص اپیل کی کہ وہ دونوں پارٹیوں کو سبق سکھاتے ہوئے کانگریس امیدواروں کی کامیابی یقینی بنائیں۔