برقی شرحوں میں اضافہ کی مخالفت ، عزیز پاشاہ اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سی پی آئی سٹی کونسل حیدرآباد کے زیر اہتمام مرکز اور ریاستی حکومتوں کے خلاف ریالی منظم کی گئی جس میں پٹرول ، ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمتوں اور تلنگانہ میں برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری کی مانگ کی گئی ۔ وائی ایم سی اے چوراہا نارائن گوڑہ سے ریالی کا آغاز ہوا جس کی قیادت سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے کی ۔ انہوں نے نریندر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 17 دنوں میں 14 مرتبہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جو گزشتہ 2 دہوں میں ریکارڈ ہے ۔ پکوان گیس کی قیمت ہندوستان میں دنیا کے دیگر ممالک سے زیادہ ہے جب کہ پٹرول کی قیمت میں دنیا میں تیسرے اور ڈیزل کی قیمت میں ہندوستان دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے ۔ متوسط طبقات کی 25 فیصد آمدنی پٹرول ڈیزل اور پکوان گیس پر صرف ہورہی ہے ۔ مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقات کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے باوجود مودی حکومت نے قیمتوں کے معاملہ میں عوام کو کوئی راحت نہیں پہونچائی ۔ پڑوسی ممالک میں پٹرولیم اشیاء کی قیمت ہندوستان سے کافی کم ہے ۔ سی پی آئی نے اضافی قیمتوں کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے ۔ ریالی سے خطاب کرنے والوں میں وی ایس بوس ، پریم پوانی سنٹری سکریٹری ای ٹی نرسمہا اور دوسرے شامل ہیں ۔ ریالی نارائن گوڑہ سے حمایت نگر تک جاری رہی جن میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی ۔۔ ر