نئی دہلی۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) تیل کی قومی کمپنی انڈین آئیل کارپوریشن (آئی او سی) نے کہا ہے کہ وہ یکم اپریل سے کم دھواں خارج کرنے والے BS-VI فیول کی سپلائی کیلئے تیار ہے اور اس کے ساتھ ایندھن کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوگا۔ کمپنی کے چیرمین سنجیو سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ تیل سربراہ کرنے والی سب سے بڑی کمپنی اپنی ریفائنریز کی جدید کاری کے لئے زائد از 17 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے تاکہ کم مقدار میں سلفر والا ڈیزل اور پٹرول پیدا کیا جاسکے۔ انہوں نے قیمتوں میں اضافہ کی مقدار کا انکشاف کئے بغیر کہا کہ یکم اپریل سے جب سارا ملک نئے فیول پر چلے گا، ایندھن کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ضرور ہوگا۔ نئے فیول میں موجودہ 50 پی پی ایم کے برخلاف صرف 10 پی پی ایم کی مقدار میں سلفر موجود ہوگا۔