نئی دہلی: جمعہ کے روز لگاتار دوسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں دو ہفتوں میں فی لیٹر 1.50 روپے سے زیادہ کمی آئی جس سے عوام کے چہروں میں تھوڑی خوشی نظر ائی۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جمعہ کے روز دہلی ، کولکاتہ اور ممبئی میں پیٹرول کی قیمتوں میں 22 پیسے کی کمی کی جبکہ چنئی میں 23 پیسے فی لیٹر کی قیمتوں میں کمی کی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی اور کولکتہ میں ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے ، جبکہ ممبئی اور چنئی میں 27 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
دہلی میں دو ہفتوں میں پٹرول کی قیمت میں 1.58 روپے فی لیٹر کمی واقع ہوئی ہے ، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.56 روپے فی لیٹر کمی واقع ہوئی ہے۔
انڈین آئل ویب سائٹ کے مطابق دہلی ، کولکاتہ ، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کی قیمت بالترتیب 74.43 ، 77.04 روپے ، 80.03 روپے اور 77.31 روپے فی لیٹر پر آگئی ہے۔
جبکہ چاروں میٹرو شہروں میں ڈیزل کی قیمت بھی بالترتیب 67.61 روپے 69.97 روپے ، 70.88 روپے اور 71.43 روپے فی لیٹر پر آگئی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں پچھلے چار روز سے کمی آ رہی ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت میں فی بیرل 3 امریکی ڈالر سے زیادہ کی کمی آئی ہے کیونکہ برینٹ کروڈ انٹر کنٹینینٹل ایکسچینج میں 20 جنوری کو 65.20 امریکی ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا ، جبکہ جمعہ کے روز یہ 62.09 امریکی ڈالر فی بیرل پر رہا۔