پٹرول پمپس کے روبرو دھرنا ، قائدین اور کارکنوں سے اتم کمار ریڈی کی اپیل
حیدرآباد: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس پارٹی نے کل 11 جون کو ریاست بھر میں احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے مطابق آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک بھر میں علامتی احتجاج کے طور پر پٹرول پمپس کے روبرو مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیلئے مرکز پر دباؤ بنانے کے مقصد سے منظم کردہ احتجاج میں حصہ لیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی دور حکومت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کے نتیجہ میں غذائی اجناس کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں صبح 11 بجے سے پٹرول پمپس کے روبرو احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ ضلع کانگریس کمیٹیوں کے صدور کو چاہئے کہ وہ ضلع ہیڈ کوارٹرس پر جبکہ اسمبلی حلقوں کے انچارج اپنے اسمبلی حلقہ کے ہیڈکوارٹر پر احتجاج کی قیادت کریں گے ۔ منڈل اور مواضعات کی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی علاقوں میں پٹرول کی قیمت 100 روپئے فی لیٹر سے تجاوز کرچکی ہے ۔ گزشتہ 13 ماہ میں پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 25.72 روپئے اور ڈیزل میں فی لیٹر 23.93 روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران کووڈ قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ سینئر قائدین کو مختلف اضلاع میں احتجاج کی قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اتم کمار ریڈی حیدرآباد کے نام پلی علاقہ میں احتجاج کی قیادت کریں گے جبکہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کھمم ، جیون ریڈی جگتیال ، ریونت ریڈی گھٹکیسر، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھونگیر ، پونم پربھاکر کریم نگر ، کسم کمار سنگا ریڈی ، جگا ریڈی رکن اسمبلی سنگا ریڈی ، ومشی چند ریڈی کلواکرتی ، سمپت کمار عالم پور ، سریدھر بابو منتھنی ، پی ویریا بھدراچلم ، محمد علی شبیر کاما ریڈی ، مدھو یاشکی حیدرآباد اور پونالہ لکشمیا حیدرآباد میں پٹرول پمپس کے روبرو احتجاج میں حصہ لیں گے ۔