پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں معمولی کمی محض دکھاوا

   

مرکز سے ٹیکس میں کمی کا مطالبہ، معاشی صورتحال ابتر ، ملکارجن کھرگے کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔8۔نومبر (سیاست نیوز) راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے نے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں معمولی کمی سے عوام کو کوئی راحت نہیں ملے گی ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ 5 تا 10 روپئے کی کمی محض ایک دکھاوا ہے ۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر اضافہ کے ذریعہ ایک لاکھ 92 ہزار کروڑ کی آمدنی حاصل کی ہے لیکن صرف 13 ہزار کروڑ کی کمی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاستوں پر ویاٹ میں کمی کیلئے دباؤ بنانے کے بجائے مرکزی ٹیکس میں کمی کرکے عوام کو راحت پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں کا اثر اشیائے ضروریہ پر پڑ رہا ہے جس کے نتیجہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، انہیں فراموش کردیا گیا ۔ گزشتہ 7 برسوں میں صرف جملہ بازی کی گئی اور عوام کو گمراہ کیا جاتا رہا ۔ انہوں نے نوٹ بندی کے فیصلہ کو ملک کیلئے تباہ کن قرار دیا اور کہا کہ معاشی طور پر بدحالی کا آغاز اس فیصلہ کے بعد سے ہوا ہے ۔ کانگریس قائد نے عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے اور کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوجائیں گے۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے بعد پہلے ہی لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بدحالی کے خاتمہ اور عوام کو روزگار فراہم کرنے میں نریندر مودی حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2G اسکام پر بی جے پی کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا گیا ۔ دہلی کے چیف منسٹر کجریوال اور بابا رام دیو نے کانگریس قائدین کو نشانہ بنایا۔ مہاراشٹرا میں کانگریس کے لیڈر سنجے نروپم سے بی جے پی قائد کو معذرت کرنی پڑی۔ پریس کانفرنس میں بھٹی وکرمارکا ، محمد علی شبیر ، پونالا لکشمیا ، مدھو یاشکی گوڑ ، سمپت کمار ، وی ہنمنت راؤ اور ڈاکٹر گیتا ریڈی موجود تھیں۔ ر