پٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں کیخلاف آج کانگریس کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

30 جون کو کورونا سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی پر دھرنے۔ اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد : صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اعلان کیاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف 29 جون کو ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر کانگریس پارٹی احتجاج منظم کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ تمام ضلع کلکٹرس کے روبرو مظاہرہ کرنے کے بعد ضلع کلکٹرس کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ اُنھوں نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ پرامن احتجاج کو روکنے کی کوشش نہ کریں۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ احتجاج کے دوران کانگریس قائدین اور ورکرس کوویڈ ۔ 19 گائیڈ لائنس پر عمل کریں گے۔ سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی اقدامات کے ساتھ احتجاج منظم کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ 30 جون کو تمام اسمبلی حلقہ جات اور ضلع ہیڈکوارٹرس پر کورونا سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا جبکہ 3 جولائی کو اضافی برقی بلز کی معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست بھر میں مظاہرے کئے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی لاک ڈاؤن مدت کا برقی بل معاف کرنے کا مطالبہ کررہی ہے۔ لاک ڈاؤن سے عوام پہلے ہی پریشان تھے۔ لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے اور حکومت نے تنخواہ میں 50 فیصد کٹوتی کردی۔ غریب اور متوسط خاندان معاشی بحران میں مبتلا ہوگئے لیکن حکومت نے سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ماہ کا برقی بل زائد سلاب کے ساتھ جاری کردیا ہے۔ بل کی عدم ادائیگی کی صورت میں کنکشن منقطع کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس ورکرس اور قائدین دھرنے کے موقع پر سیاہ بیاچس لگائیں گے اور سیاہ پرچموں کے ساتھ احتجاج کریں گے۔ اُنھوں نے اضافی برقی بلز کو چیف منسٹر کی تائید پر سخت تنقید کی۔ اُنھوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن سے پریشان حال خاندانوں پر زائد بوجھ عائد کرنا افسوسناک ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے صحافیوں کو کورونا سے لڑائی کرنے والے افراد میں شامل کرنے اور اموات کی صورت میں صحافیوں کے پسماندگان کو 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا مطالبہ کیا۔