پٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں کے خلاف آج کانگریس کا دھرنا

   

Ferty9 Clinic

برقی کے اضافی بلز کے خلاف 6 جولائی کو ریاست گیر احتجاج کیلئے اتم کمار ریڈی کی اپیل
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف 4 جولائی کو ریاست کے تمام منڈل اور میونسپلٹی مراکز پر دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ 6 جولائی کو ریاست میں گھریلو صارفین کو اضافی بلز کی اجرائی کے خلاف برقی دفاتر کے روبرو مظاہرہ کیا جائے گا۔ کانگریس قائدین اور ورکرس سیاہ بیاچس اور سیاہ پرچموں کے ساتھ احتجاج منظم کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ آج کانگریس قائدین اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طرف کورونا کی وباء سے عوام پریشان ہیں تو دوسری طرف غریب اور متوسط طبقات معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں عوام روزگار سے محروم ہوگئے۔ ان حالات میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا سبب بن سکتا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں جس کے نتیجہ میں عوام پر بھاری بوجھ عائد ہورہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے ملک بھر میں قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس دور حکومت میں خام تیل کی قیمت 40 ڈالر تھی ، اس وقت ملک میں پٹرول کی قیمت 30 روپئے فی لیٹر رہی۔ اب جبکہ خام تیل کی قیمت گھٹ چکی ہے ،اس کے باوجود ملک میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 80 روپئے تک پہنچ چکی ہے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس حکومتیں مخالف عوام فیصلے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دونوں حکومتوںکے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے پریشان حال عوام کو محکمہ برقی کی جانب سے اضافی بلز جاری کئے گئے اور عدم ادائیگی کی صورت میں کنکشن منقطع کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 6 جولائی کو کانگریس قائدین اپنی گاڑیوں پر سیاہ پرچم لہرائیں گے۔ کانگریس پارٹی اضافی برقی بلز سے دستبرداری کا مطالبہ کر رہی ہے۔ بی پی ایل خاندانوں کا برقی بل معاف کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا۔