پٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں کے خلاف 12 جولائی سے کانگریس کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

16 جولائی کو چلو راج بھون ، مدھو یاشکی گوڑ اور مہیشور ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔8 ۔جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کی تشہیری کمیٹی کا اجلاس صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے کنوینر عظمت اللہ حسینی کے علاوہ پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین مہیشور ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی کے جائزہ حاصل کرنے کے دوسرے دن گاندھی بھون میں آج غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور اور انچارج سکریٹریز بوس راجو ، ڈاکٹر چنا ریڈی ، سمپت کمار ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور دیگر قائدین نے آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی 72 ویں جینتی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد میں پارٹی کی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انتخابی تشہیر کمیٹی اور پروگرام عمل آوری کمیٹی کے ذمہ داروں سے علحدہ مشاورت کی گئی۔ اجلاسوں میں ریونت ریڈی کے علاوہ گیتا ریڈی ، انجن کمار یادو ، جگا ریڈی ، محمد اظہرالدین ، مہیش کمار گوڑ ، دامودر راج نرسمہا اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ ورکنگ پریسیڈنٹس کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ ایک ورکنگ پریسیڈنٹ 4 لوک سبھا حلقوں کے انچارج رہیں گے ۔ ہفتہ میں ایک مرتبہ پارٹی کی عاملہ کا اجلاس ہوگا۔ حضور آباد ضمنی چناؤ کی حکمت عملی تیار کرنے کی ذمہ داری دامودر راج نرسمہا کو دی گئی ہے۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ کرپشن میں تلنگانہ نمبر ون ہے جس کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے۔ کانگریس نے بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے ۔ 48 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کا منصوبہ ہے جس کا آئندہ دو دنوں میں اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کانگریس کو ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور ریونت ریڈی کی قیادت میں پارٹی کے برسر اقتدار آنے میں کوئی شک نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے راج شیکھر ریڈی کو چیف منسٹر بنایا تھا لیکن آج ان کے فرزند اور دختر علحدہ پارٹیوں کے قیام کے ذریعہ کانگریس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ تلنگانہ میں شرمیلا کی نئی پارٹی سے کانگریس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ مہیشور ریڈی نے بتایا کہ سونیا گاندھی نے کمیٹی سے جو توقعات وابستہ کی ہیں، انہیں پورا کیا جائے گا ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف 12 تا 16 جولائی احتجاجی پروگرام منظم کئے جائیں گے۔ 12 جولائی کو تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر سیکل ریالی اور بیل بنڈی ریالی منظم کی جائے گی ۔ ہر ضلع کیلئے ایک سینئر عہدیدار کو انچارج مقرر کیا جائے گا ۔ 16 جولائی کو چلو راج بھون احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ۔