پسماندہ طبقات سے ناانصافی، گاندھی بھون میں اتم کمار ریڈی کی تقریر
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت پسماندہ طبقات کو جائز حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پسماندہ اور کمزور طبقات میں اختلافات پیدا کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی سازش ہے۔ اتم کمار ریڈی گاندھی بھون میں صدرنشین فشرمین کانگریس ایم سائی کمار کے تقریب جائزہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ کسانوں ، مچھیروں اور دیگر طبقات کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ ٹی آر ایس نے گزشتہ 7 برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ سائی کمار کی جائزہ تقریب میں اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون کے علاوہ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ،انجن کمار یادو ، اقلیتی قائدین شیخ عبداللہ سہیل ، محمد راشد خاں کے علاوہ دیگر محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی کو اس موقع پر مچھیروں کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ گھریلو پکوان گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت نے عام آدمی بالخصوص غریبوں اور متوسط طبقات کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رکھے گی۔