قائدین کی گرفتاری، احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ
حیدرآباد: پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف تلنگانہ یوتھ کانگریس کی جانب سے نامپلی پر دھرنا منظم کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر یوتھ کانگریس کارکنوں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور اضافہ شدہ قیمتوں سے فی الفور دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔ پولیس اور یوتھ کانگریس کارکنوں کے درمیان لفظی تکرار ہوئی جس کے بعد تمام قائدین اورکارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔ شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا وباء کے پیش نظر عوام پہلے ہی معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ ایسے میں قیمتوں میں اضافہ زائد بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دورحکومت میں پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں کم تھیں لیکن اس وقت کے بی جے پی قائدین نے حکومت کے خلاف مظاہرے کئے تھے۔ آج وہی قائدین اقتدار میں ہیں لیکن قیمتوں میں اضافہ کے خلاف خاموش ہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی نے گرفتاریوںکی مذمت کی ہے ۔ دھرنا اور احتجاج میں یوتھ کانگریس قائدین راکیش ، پرتاپ ریڈی ، ایم گوپی ، شراون ریڈی اور دوسروں نے حصہ لیا۔