پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہنوز جاری

   

نئی دہلی۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب گھریلو سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ تھم نہیں رہا ہے ۔ دونوں ایندھن کی قیمتوں میں منگل کو مسلسل چھٹے دن بھی اضافہ جاری رہا۔ چار بڑے شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 تا 31 پیسے کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ چھ دنوں میں دہلی میں ڈیزل 2.23 روپے اور پٹرول 1.91 روپے مہنگا ہوا ہے ۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت 28 پیسے بڑھ کر 70.41 روپے اور ڈیزل 29 پیسے اضافے کے ساتھ 64.47 روپے فی لیٹر ہو گیا۔تجارتی دارالحکومت ممبئی میں دونوں ایندھن کے دام بالترتیب 76.05 اور 67.49 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئے ہیں۔ کلکتہ میں دونوں ایندھن کی قیمت بالترتیب 72.52 اور 66.24 روپے فی لیٹر رہی چنئی میں پٹرول 28 پیسے بڑھ کر 73.08 اور ڈیزل 30 پیسے کے اضافے کے ساتھ 68.09 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔