گاؤں گاؤں تک احتجاج منظم کرنے ہنمنت راؤ کا اعلان
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج حیدرآباد کے لکڑی کا پُل علاقہ میں پٹرول پمپ کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ پر عوامی ناراضگی پیش کرنے کی کوشش کی۔ پارٹی قائدین کے ہمراہ ہنمنت راؤ نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی تصاویر کے ساتھ بیانرس اور پکوان گیس سلینڈر کے ساتھ مہیلا کانگریس اور یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ملک گیر احتجاج کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں پٹرول کی قیمت 50 روپئے فی لیٹر تھی جو آج بڑھ کر 110 روپئے ہوچکی ہے۔ عوام پر اضافی بوجھ کے لئے مرکز اور ریاست دونوں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں پٹرول پمپس کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے عوامی ناراضگی سے حکومت کو واقف کرایا جارہا ہے۔ عنقریب گاوں گاوں میں عوام سڑکوں پر احتجاج منظم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کارپوریٹ اداروں کے ہاتھ کٹھ پتلی بن چکی ہے اور سرکاری اداروں کو کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کیا جارہا ہے۔ر
