پٹرول قیمتوں میں اضافہ ‘ کانگریس کا 15 فبروری کو اوڈیشہ بند

   

بھوبنیشور ۔ اوڈیشل کانگریس کمیٹی نے آج اعلان کیا کہ 15 فبروری کو اوڈیشہ بند منایا جائیگا ۔ یہ بند ریاست میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف منایا جا رہا ہے ۔ پردیش کانگریس کے صدر نرنجن پٹنائک نے کہا کہ بند صبح 7 بجے سے دن میں ایک بجے تک ساری ریاست میں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس فیصلے سے عوام کو مشکل ہوگی لیکن ہم کو بند پر مجبور ہونا پڑا ہے تاکہ عوام میں مختلف مسائل کے تعلق سے اور خاص طور پر پٹرول ‘ ڈیزل و پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ کے تعلق سے شعور بیدار کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں فیول پر غیر واجبی ٹیکس عائد کر رہی ہیں جس سے اس کی قیمت بڑھ رہی ہے ۔ اسی لئے اس بند کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔