پٹرول قیمت کی حیدرآباد میں بھی سنچری مکمل ‘ ڈیزل بھی زیادہ پیچھے نہیں

   

شہر میں قیمت 100 روپئے 27 پیسے فی لیٹر ہوگئی ۔ ڈیزل 95 روپئے 14 پیسے پر پہونچا ۔ عوام میں برہمی

حیدرآباد۔حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت 100 روپئے کو پہنچ چکی ہے ۔شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں پٹرول کی قیمت کے 100 روپئے پہنچتے ہی سوشل میڈیا پر پٹرول پمپ اور پٹرول ڈلوانے کے بعد 100 روپئے سے قیمت تجاوز کرجانے والی تصاویر وائر ل ہوگئیں۔ ملک کے کئی شہروں میں پٹرول کی قیمت 100 روپئے تجاوز کئے ہوئے کئی ہفتہ گذر گئے لیکن حیدرآباد میں قیمت 100 روپئے تجاوز کرنے میں چند پیسے کی کمی رہ گئی تھی جو کہ آج پوری ہو گئی ۔ حیدرآباد میں آج پٹرول کی قیمت 100.27 روپئے ریکارڈ کی گئی جبکہ اسپیڈ پٹرول کی قیمت 103.21 پیسے ریکارڈ کی گئی۔تلنگانہ میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ریاستی و مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود حکومتوں کی خاموشی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومتوں کو عوام کے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع اور شہروں میں چند یوم قبل ہی پٹرول کی قیمتیں 100 روپئے سے تجاوز کرچکی ہیں لیکن آج ہوئے اضافہ کے بعد حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت 100روپئے 27 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت کی 95روپئے 14 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔پٹرول پمپ عملہ نے بتایا کہ پٹرول کی قیمت100 روپئے سے تجاوز کرجانے کے بعد کئی صارفین کو پٹرول بل حاصل کرتے ہوئے اور مشین پر لیٹر اور قیمت کی تصویر لیتے ہوئے دیکھا گیا ۔ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول کی قیمت 100 روپئے فی لیٹر سے تجاوز کرجانے کے بعد سے ہی عوام میں شدید برہمی دیکھی جارہی تھی لیکن آج جب شہر حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت 100 روپئے سے بڑھ گئی اور ڈیزل قیمت میں بھی اضافہ ہوا تو یہ کہا جانے لگا ہے کہ اب دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اس کا اثر دیکھا جائے گا۔انڈین آئیل کمپنی کے ذرائع کے مطابق ملک بھر کی 7 ریاستوں میں پٹرول کی قیمت 100 روپئے سے تجاوز کرچکی ہے اور مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں ملک میں سب سے مہنگا پٹرول فروخت کیا جا رہاہے جبکہ دوسرے نمبر پر ممبئی ہے ۔