ٹی آر ایس حکومت سے ٹیکس میں کمی کا مطالبہ، احتجاج میں شدت کی دھمکی
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) آل انڈیا مہیلا کانگریس کی اپیل پر آج حیدرآباد میں مہیلا کانگریس تلنگانہ کی جانب سے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں نامپلی کے قریب دھرنا منظم کرتے ہوئے خواتین نے مرکزی حکومت سے قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔ مہیلا کانگریس کے احتجاج کے نتیجہ میں ٹریفک میں خلل پڑا اور پولیس کو ٹریفک بحال کرنے میں دشواری پیش آئی۔ احتجاج میں سنیتا راؤ کے علاوہ صدر سٹی مہیلا کانگریس کویتا، پدما، عشرت جہاں، سنگیتا، ودیا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اِس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنیتا راؤ نے کہاکہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجہ میں عام آدمی مشکلات سے دوچار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 7 برسوں میں مرکز اور ریاست کی جانب سے عوام کی بھلائی کا ایک بھی قدم نہیں اُٹھایا گیا۔ اُنھوں نے اعلان کیاکہ مہیلا کانگریس کی جانب سے قیمتوں میں کمی تک احتجاج جاری رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کو پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکسیس میں کمی کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانی چاہئے۔ کے سی آر کے ہٹ دھرمی کے رویہ سے عام آدمی مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔ مہیلا کانگریس مستقبل میں مزید احتجاجی پروگرام منظم کرے گی۔ ر