پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج

,

   

اضافہ واپس لینے کا مطالبہ،انیل کمار یادو نے قیادت کی
حیدرآباد۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف یوتھ کانگریس کی جانب سے آج بشیرباغ پر احتجاج منظم کیا گیا۔ صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کی قیادت میں کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور اضافہ سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ احتجاجیوں کے ہاتھوں میں اضافہ کے خلاف نعروں پر مبنی پلے کارڈز تھے اور ایک بنڈی پر ٹو وہیلر گاڑیوں کو رکھا گیا تھا اور یہ پیام دینے کی کوشش کی گئی کہ مسلسل اضافہ کی صورت میں عوام گاڑیوں کو اٹھاکر لے جانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ انیل کمار یادو نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی مرکز کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف مسلسل احتجاج کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں اضافہ عوام پر زائدبوجھ ہے۔ عوام لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پہلے ہی مختلف مسائل کا شکار ہیں ۔ روزگار سے محرومی اور معاشی مسائل کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ مہنگائی عروج پر پہنچ جائے گی اور عام آدمی کا جینا دشوار ہوجائے گا۔