نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے ہفتہ کو شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں میں ایندھن بھرا لیں کیونکہ نریندرمودی زیرقیادت مرکزی حکومت 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ختم ہونے کے فوری بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھادے گی۔ کانگریس ایم پی نے ٹوئٹر کے ذریعہ اپنی بات پیش کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ تیزی سے اپنی پٹرول ٹنکیاں بھرا لیجئے۔ مودی حکومت نے جو ’’الیکشن آفر‘‘ دیا تھا وہ اب ختم ہو جانے جارہا ہے۔ راہول نے اپنے ٹوئٹ پر پٹرول پمپ کی تصویر بھی استعمال کی جس پر تحریر ہے کہ اضافہ ہونے جارہا ہے اور جلد ہی فیول اسٹیشنوں کی طرف رخ ہونے والا ہے۔ کانگریس نے بار بار حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جب بھی چناؤ آتے ہیں انتخابی فائدہ اٹھانے کی غرض سے فیول کی قیمتوں میں اضافہ روک دیتے ہیں اور پھر انتخابات ختم ہونے کے فوری بعد قیمتوں میں دوبارہ اضافہ شروع ہو جاتا ہے۔ روس ۔ یوکرین جنگ کے درمیان جمعہ کو تیل قیمتیں فی بیارل 111 ڈالر تھی۔ جنگ کے تناظر میں عام صارفین کے لئے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔
