پٹرول پمپ مالک سے لاکھوں روپئے ہڑپنے والی ٹولی گرفتار

   

بارہ لاکھ روپئے ضبط ، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا بیان
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) توجہ ہٹا کر پٹرول پمپ کے مالک کے لاکھوں روپئے ہڑپ لینے کے واقعہ میں ملوث تین رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ رقم برآمد کرلی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سالہ عابد محی الدین ساکن نبیل کالونی چندرائن گٹہ اور اس کے دو ساتھی 34 سالہ شیخ عبدالباسط اور 28 سالہ ایس راجیش نے پٹرول پمپ کے مالک راجکمار بگاڑیہ کی توجہ ہٹاکر 12 لاکھ روپئے نقد رقم لوٹ لئے۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عابد اور باسط جو راجکمار بگاڑیہ کے دوست ہیں اور اکثر اس کے پٹرول پمپ جایا کرتے تھے۔ پٹرول پمپ کے مالک راجکمار کی جانب سے غیر مجاز طور پر رقومات کمانے کا علم مذکورہ دھوکہ بازوں کو تھا اور تینوں نے تنسیخ شدہ رقم کے عوض نئی کرنسی دینے کے بہانے اسے لوٹ لینے کا منصوبہ تیار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنتوشی فلنگ سنٹر واقع رنگ محل پتلی باؤلی میں راجکمار موجود تھا کہ مذکورہ افراد نے اسے فوری سعیدآباد کے ایس بی ایچ کالونی پارک رقم کے ساتھ آنے کیلئے کہا۔ اسی دوران عابد محی الدین نے پٹرول پمپ مالک سے وہاں ملاقات کی اور پرانے نوٹس کے عوض نئے نوٹس دینے کے بہانے اس سے 12 لاکھ روپئے حاصل کرلئے اور وہاں سے فرار ہوگیا۔ بعد ازاں مسروقہ رقم کو دھوکہ بازوں نے آپس میں بانٹ لیا جبکہ راجکمار بگاڑیہ نے پولیس سعید آباد سے اس سلسلہ میں شکایت درج کرائی۔ جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 12 لاکھ روپئے ضبط کرلئے۔