پٹرول پمپ مالکین اور ملازمین سے صارفین کو دھوکہ
حیدرآباد۔7اکٹوبر(سیاست نیوز) صارفین کو پٹرول و ڈیزل کی قیمتو ںکی ہی نہیں بلکہ شہر حیدرآباد میں پٹرول چوری کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اس سلسلہ میں آج ایک بڑے ریاکٹ کا پردہ فاش ہوا ہے جس میں چپ ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کو دھوکہ دیا جا رہاتھا۔ سائبر آباد پولیس نے اس سلسلہ میں 8افراد کو گرفتارکیا ہے اور اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ پٹرول پمپ پر کام کرنے والوں اور پٹرول پمپ مالکین کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل چوری کے ذریعہ صارفین کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے چلائے جانے والے پٹرول پمپ پر بھی چوری کے سلسلہ میں پولیس نے اسسٹنٹ منیجر وی ومشی دھر ریڈی کو گرفتار کیا ہے اور مزید کاروائی کے دوران شہر کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں پٹرول پمپ پر الکٹرانک چپ کے استعمال کے ذریعہ صارفین کو دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم بالانگر کی جانب سے کی گئی خصوصی کاروائی کے دوران نہ صرف شہر حیدرآباد بلکہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں پٹرول پمپس پر پٹرول چوری کا خلاصہ کیا گیا ہے۔ ڈی سی پی بالانگر مسزپی وی پدمجا نے بتایا کہ پٹرول مشین میں الکٹرانک چپ کی تنصیب کے ذریعہ کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی کے سلسلہ میں ایس او ٹی ڈی سی پی جی سندیپ کی نگرانی میں کی گئی کاروائی کے دوران 8 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں محمد فیض الباری ‘ کے سندیپ‘ کے نرسنگ راؤ‘ محمد اسلم‘ آر رمیشن ‘ بی مہیشور راؤ‘ این وینکٹیش کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان گرفتاریوں کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ الکٹرانک چپ نصب کرنے والی ٹولی نے نہ صرف شہر حیدرآباد بلکہ سائبر آباد ‘ رچہ کنڈہ ‘ رنگاریڈی ‘ سوریہ پیٹ ‘ ونپرتی ‘ کھمم‘ سدی پیٹ ‘ کاماریڈی کے علاوہ پڑوسی ریاست کرناٹک اور آندھرا پردیش میں بھی کئی پٹرول پمپس پر یہ الکٹرانک چپ نصب کئے ہیں جس کے ذریعہ پٹرول کی چوری کا پتہ نہیں چلتا ۔ محکمہ پولیس کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں جن پٹرول پمپس کے نام تحقیقات میں سامنے آئے ہیں ان تمام کی تحقیقات کی جائیں گی اور ان کے علاوہ دیگر پٹرول پمپس کے سلسلہ میں مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ پٹرول پمپ ملازمین ‘ سوپروائزرس ‘ مالکین اور منیجرس پٹرول چوری کے اس اسکام میں ملوث ہیں جو کہ صارفین کو کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی کا سبب بن رہا تھا۔ ڈی سی پی بالانگر نے بتایا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔م