سرسہ(ہریانہ) ۔9جولائی (سیاست ڈاٹ کام)ہریانہ کے سرسہ میں آج کانگریس کارکنوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اونٹ گاڑیوں پر مظاہر ہ کیا۔کارکن کانگریس بھون سے کانگریس کے ریاستی ترجمان ہوشیار لال شرما کی قیادت میں اونٹ گاڑی پر سوار ہوکر نکلے اور بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت کے خلاف مختلف بازاروں میں احتجاجی مارچ نکالا۔بعد میں انھوں نے تحصیلدار کو صدر جمہوریہ کے نام میمورینڈم پیش کیااور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر شرما نے الزام لگایاکہ زبردست اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئی نریندرمودی حکومت نے بجٹ میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام سے وعدہ خلافی کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اسکا اثر کسانوں سمیت سماج کے ہر طبقہ پر پڑے گا ۔حال ہی میں پیش ہوئے مرکزی بجٹ میں اضافی ٹیکس لگانے کی وجہ سے پٹرول و ڈیزل 2.5 روپئے فی لیٹر مہنگے ہوگئے ہیں ۔