پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف کرناٹک کانگریس کا احتجاج

   

بنگلور: کرناٹک میں پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر تک پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن کانگریس پارٹی نے قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج سے پانچ روزہ احتجاج و مظاہرہ شروع کیا ہے۔ اس دوران پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شیوانند اسکوائر پر دھرنا دیا اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ’100ناٹ آؤٹ‘ کا نعرہ لگایا۔ کچھ کانگریسی لیڈرز‘ناٹ آؤٹ 100’ والا پیڈ پہنے اور ہاتھوں میں بیٹ لئے ہوئے تھے ۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیر اعلی سدارمیا نے الزام لگایا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے ، کورونا وائرس سے لاچار عوام جو پہلے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں عاجز آچکے تھے اب ایسے لوگوں کی پریشانیاں بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔