بھوپال میں 101 روپے 77 پیسے فی لیٹر!
نئی دہلی: پٹرول ڈیزل کی قیمتوں اس ماہ 14 ویں مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، نئے اضافہ کے بعد ممبئی میں پٹرول 99.94 روپے فی لیٹر پہنچ گیا، جبکہ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں پٹرول کی قیمت 101.77 روپے فی لیٹرہوگئی ہے۔ملک کے چار بڑے میٹرو شہروں میں آج پٹرول کی قیمت میں 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 30 پیسے کا اضافہ کیا گیا، جو ایک نئی تاریخی سطح تک پہنچ گیا۔ چند شہروں میں تو یہ پہلے ہی 100 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ قبل ازیں چہارشنبہ کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔معروف آئیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئیل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق ممبئی میں آج پٹرول کی قیمت 23 پیسے اضافے کے ساتھ 99.94 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ ڈیزل بھی 30 پیسے مہنگا ہوکر 91.87 روپے فی لیٹر ہوگیا۔ قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول 24پیسے مہنگا ہوکر 93.68 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 29 پیسے بڑھ کر 84.61 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کی مشکلات سے پریشان عوام کو پٹرول و ڈیزل کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔