پلاسٹک باٹلس میں پٹرول خریدنے کے خلاف شہریوں کو سائبر آباد پولیس کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سائبر آباد پولیس نے پٹرول یا کسی دیگر فیول کے کھلے فروخت پر پابندیوں کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ہوئے چند واقعات کو ذہن میں رکھتے ہوئے شہریوں کو خاص کر پلاسٹک بوٹلس میں فیول خریدنے کے خلاف انتباہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ریفلنگ اسٹیشن پر ان کی گاڑیوں میں راست طور پر فیول بھروانا ہوگا ۔ انتہائی ناگزیر حالات میں وہ پٹرول خرید سکتے ہیں لیکن وہ ایسا ریفلنگ اسٹیشن پر درست شناختی ثبوت داخل کرنے کے بعد کرسکتے ہیں ۔ اس قواعد پر عمل نہ کرنے والے ریفلنگ اسٹیشن اسٹاف اور کسٹمر دونوں کو قانون کے مطابق بک کیا جائے گا ۔ سائبر آباد پولیس نے پٹرول پمپ اتھارٹیز سے کہا ہے کہ وہ کنٹینرس میں پٹرول خریدنے والے کسٹمرس کی حوصلہ افزائی نہ کریں اور انہیں باٹلس میں پٹرول فروخت نہ کریں ، ناگزیر حالات میں اگر کوئی کسٹمر پلاسٹک باٹل میں پٹرول خریدنے پر مصر ہو تو پٹرول پمپ اسٹاف کو اس طرح کے کسٹمرکی تفصیلات بشمول فوٹو ، رہائشی پتہ اور درست شناختی ثبوت حاصل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مین روڈس ، ریاستی اور قومی شاہراہوں پر پلاسٹک باٹلس میں پٹرول فروخت کرنے والے مرچنٹس اور روڈ سائیڈ وینڈرس کے خلاف ایک خصوصی مہم چلانے کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں ۔ پولیس کے مطابق مقررہ رہنمایانہ خطوط پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف آئی پی سی کے سیکشن 188 کے تحت کیسیس بک کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ اگر کوئی کسٹمر جھوٹی معلومات فراہم کرے یا کوئی انفارمیشن چھپائے تو اس میں دوسرے سیکشنس کا اضافہ کیا جائے گا ۔ اس میں قصور وار پائے جانے پر ایک تا چھ ماہ کی جیل ہوسکتی ہے ۔ ڈی سی پی شمس آباد زون این پرکاش ریڈی نے کہا کہ ’ پلاسٹک باٹلس میں پٹرول خریدنا قانون کے مطابق ایک جرم ہے ۔ ہم اس سلسلہ میں پٹرول پمپ اتھارٹیز اور اسٹاف میں بیداری پیدا کرنا چاہتے ہیں ‘ ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ جنہیں اس کی ارجنٹ ضرورت ہو اور کوئی دوسرا متبادل نہ ہو تو انہیں لازمی طور پر ریفلنگ اسٹیشن پر اسٹاف کے پاس اپنا ضروری ثبوت داخل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مقامات پر پٹرول یا دیگر فیول کو غیر قانونی طور پر فروخت کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی جائے گی تاکہ غیر قانونی فروخت کو روکا جائے ۔۔