پٹرول 19 اور ڈیزل 20 مہینے کی بلند سطح پر

,

   

Ferty9 Clinic

دوست سرمایہ داروں پر حکومت مہربان ، متوسط طبقہ اور غریب پریشان ۔آئنسٹائن کی مثال کیساتھ راہول کی تنقید

نئی دہلی ، 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے آج مسلسل نویں روز قیمتوں میں زبردست اضافے کی وجہ سے پٹرول کی قیمت تقریبا19 مہینے اور ڈیزل کی قیمت تقریبا 20 مہینے کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ پر حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متوسط طبقہ اور غریبوں کو حکومت کی دوست سرمایہ کاروں پر مہربانی کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے ایک گراف کے ذریعہ بتایا کہ ایندھن کی قیمتیں مئی 2015ء میں یو پی اے حکومت کے تحت کم تھیں حالانکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت زیادہ تھی ۔ اس کے برخلاف این ڈی اے حکومت نے 15جون 2020ء تک پٹرول پر258.47 اور ڈیزل پر 819.94فیصد ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دی ہے ۔اس کے نتیجہ میں پٹرول مہنگا ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے ہندی میں ہیش ٹیاگ لگایا کہ حکومت کو شرم آنی چاہیئے جو لوٹ مچارہی ہے ۔ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت آج 48 پیسے بڑھ کر 76.26 روپے فی لیٹر ہوگئی ، جو21 نومبر 2018 کے بعد کی بلند ترین سطح پر ہے ۔ ڈیزل کی قیمت بھی 59 پیسے بڑھنے کے ساتھ 74.62 روپے فی لیٹر ہوگئی ، جو 26 اکتوبر 2018 کے بعد کی بلند ترین سطح پرہے ۔ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 جون سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان آٹھ دنوں میں دہلی میں پٹرول پانچ روپے یعنی سات فیصد اور ڈیزل 5.23 روپے یا ساڑھے سات فیصد مہنگا ہو چکا ہے ۔اس دوران کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے لاک ڈاون کے باوجود کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے معاملات میں مسلسل اضافہ کے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پیر کو وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا اور عظیم سائنسداں البرٹ آنئسٹائن کی مثال کے ساتھ ان پر سخت حملہ کیا۔راہول نے ٹوئٹ کیا کہ ناواقفیت سے زیادہ خطرناک ایک چیز ہوتی ہے اور وہ ہے گھمنڈ۔آئنسٹائن سے یہ ثابت ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کورونا وائرس کو روکنے کے لئے نافذ کئے گئے لاک ڈاون پر آئنسٹائن کی مثال بہت موزوں ہے ۔ملک میں کورونا وائر س سے متاثرین کی تعداد 3.32لاکھ سے آگے نکل چکی ہے اور کل ریکارڈ گیارہ ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آئے ۔راہول کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ پر گزشتہ ہفتہ سے مودی حکومت پر مسلسل حملے کررہے ہیں اور الزام لگا رہے ہیں کہ اس حکومت کی نااہلیت اور گھمنڈ سے بحران بڑھ رہا ہے ۔