نئی دہلی9مارچ(سیاست ڈاٹ کام )ملک میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں پیر کو مسلسل پانچویں دن گراوٹ رہی اور ڈیزل تقریباً 14مہینے اور پٹرول آٹھ مہینے کی نچلی سطح پر آگیا۔ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت آج 24پیسے گھٹ کر 70.59روپے فی لیٹر رہ گئی جو 5جولائی 2019 کے بعد کی نچلی سطح ہے ۔ڈیزل بھی مسلسل پانچویں دن سستا ہوا۔اس کی قیمت 25پیسے کم ہوکر63.26روپے فی لیٹر پر آگئی۔یہ 12جنوری 2019 کے بعد کی نچلی سطح ہے ۔کولکاتہ میں پٹرول 23پیسے سستا ہوکر 73.28روپے فی لیٹر رہ گئی۔ممبئی اور چنئی میں اس کی قیمت 24-24پیسے گھٹ کر تقریباً 76.29روپے اور 73.34روپے فی لیٹر پر آگئی۔ڈیزل کی قیمت کولکاتہ اور چنئی میں 25-25پیسے گھٹ کر تقریباً 65.59روپے اور 66.76روپے فی لیٹر رہی۔ممبئی میں 26پیسے کی کمی کے ساتھ ایک لیٹر ڈیزل 66.24روپے پر فروخت ہوا۔