پٹری میں دراڑ سے ممبئی لوکل ٹرین سروس متاثر

   

ممبئی۔ 30جولائی (یو این آئی) مہاراشٹرا کی راجدھانی ممبئی کے تھانے ضلع میں بدلاپور اور ونگانی اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے ٹریک پر دراڑ آنے کے بعد، بدھ کی صبح ممبئی سینٹرل ریلوے کی خدمات بری طرح متاثر ہو گئیں۔سرکاری اطلاعات کے مطابق، پٹری میں دراڑ آنے کے باعث لوکل ٹرین سروس عارضی طور پر معطل ہو گئی، جس کی وجہ سے دفتر کے اوقات میں ہزاروں روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔یہ مسئلہ اس وقت پیش آیا جب ریلوے کے اہلکاروں نے صبح کے وقت ریل کی پٹری میں دراڑ دیکھی۔ اس کے بعد فوری طور پر ایمرجنسی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا۔ پٹری کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے کرجت کی طرف جانے والی کئی لوکل ٹرینیں بدلاپور میں ہی روک دی گئیں اور انہیں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس کی جانب واپس بھیج دیا گیا۔ اس وجہ سے ممبئی کا مضافاتی ریلوے نیٹ ورک اور بھی زیادہ متاثر ہوا اور ٹرینوں کی آمد و رفت میں کافی تاخیر ہوئی۔ یہی نہیں، لمبی دوری کی ٹرین سروسز بھی اس وجہ سے متاثر ہوئیں۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق، ریلوے سروسز اب تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں۔