جاری کاموں اور بلدی مسائل سے واقفیت: صدر نشین بلدیہ
نرمل۔ /7 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پٹنا پرگتی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے صدرنشین بلدیہ نرمل مسٹر جی ایشور نے وارڈ نمبر 39 محلہ مارکٹ کے علاقہ میں متعلقہ وارڈ کونسلر محمد توحید الدین ( رضی ) کے ہمراہ وارڈ کا دورہ کرتے ہوئے بلدی مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر رکن بلدیہ توحید الدین نے صدر نشین بلدیہ کو محلہ مارکٹ میں پینے کے پانی، سیسی روڈس اور ڈرین کی تعمیر کے علاوہ مختلف مسائل سے واقف کروایا۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے یکم جون تا 8جون شہری ترقیاتی پروگرام کے تحت صفائی کے سلسلہ میں خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ صدر نشین بلدیہ مسٹر جی ایشور نے محمد توحید الدین کو تیقن دیا کہ اس وارڈ میں ہر ممکنہ ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے وہ ٹھوس اقدامات کریں گے۔ صدرنشین نے عوام الناس سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں ساری دنیا کورونا وائرس سے پریشان حال ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے احتیاط ضروری ہے۔