نئی دہلی،یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے الزام لگایا ہیکہ بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں سیلاب کی وجہ سے جو بدحالی ہوئی ہے اسکی وجہ قدرت نہیں بلکہ انسان کی پیداکردہ تباہی ہے اور اس کیلئے پوری طرح سے انتظامیہ ذمہ دار ہے ۔کانگریس کے بہار انچارج شکتی سنگھ گوہل اور پارٹی کے ترجمان انشل اویجت نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پچھلے ڈیڑھ دہائی سے نالیوں اور بڑے گندے نالوں کو بنانے اور ان کی بحالی کیلئے کوئی کام نہیں ہو اہے ۔شہر کے بڑے لیڈروں اور دیگر لوگوں نے جس طرح سے اپنے گھروں کے آس پاس قبضہ کر کے پانی کے نکلنے کی جگہ کو بند کردیا ہے اس سے حالات زیادہ خراب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے ہی اپنے گھر کے چاروں طرف غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے اور وہاں سے پانی کے نکلنے کے سبھی راستے بند کردئے ہیں۔برسراقتدار پارٹی کے کئی دیگر لیڈروں اور شہر کے متاثر کن لوگوں نے اسی طرح سے قبضہ کیا ہوا ہے جس کا خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔گوہل نے الزام لگایا کہ بدعنوانی کی وجہ سے شہر میں نالوں کا انتظام ٹھیک نہیں ہوا ہے ۔پٹنہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کا خواب دکھانے والی حکومت کے انتظامیہ نے ’نمامی گنگے‘ پروگرام کے تحت پٹنہ میں نالوں کو ٹھیک کرنے کیلئے مختص رقم میں بدعنوانی کی ہے ۔یوجنا کے تحت پائپ لائن بچھائے گئی ہے لیکن ان سے پانی نہیں نکل رہا ہے ۔