پٹنہ: پٹنہ یونیورسٹی میں آج طلبا یونین الیکشن کے لئے ووٹنگ ہوئی، لیکن اس درمیان گولی باری اور پتھراؤکے واقعات سے طلبا و طالبات میں دہشت کا ماحول دیکھا گیا۔ میڈیا کی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کئی راؤنڈ فائرنگ ہونے کی خبر ملتے ہی اعلیٰ عہدیدارجائے وقوع پر پہنچ گئے۔ پولیس کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ یونیورسٹی احاطہ کے باہر پیش آیا ہے۔ حالانکہ کچھ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھنے کو مل رہی ہیں جس میں صاف پتہ چل رہا ہے کہ فائرنگ کالج کیمپس کے اندر ہوئی ہے۔موصولہ خبروں کے مطابق طلبا یونین الیکشن کے پیش نظر ووٹ کرنے پہنچے طلبا و طالبات میں اس وقت دہشت اور افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب کالج احاطہ کے اندر کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کرنے کا الزام ہاسٹل میں رہنے والے ہی کچھ طلبا پر لگ رہا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ پٹنہ یونیورسٹی میں طلبا یونین الیکشن کے موقع پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ طلبا و طالبات کو ووٹنگ میں کسی طرح کی دقت پیش نہ آئے، اس کے لیے پولیس عہدیداروں کی حالات پر گہری نظر تھی۔ حالانکہ فائرنگ کے واقعہ کے بعد سیکورٹی انتظامات کو لے کر کچھ سوال ضرور کھڑے ہوئے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ فائرنگ واقعہ میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔