40 سالہ انتظار ختم ہونے کی اُمید، پارلیمانی سیشن میں بجٹ مختص کرنے مرکزی حکومت سے عوام کا مطالبہ
سنگاریڈی : ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ناگولا پلی ( پٹن چیرو تا میدک) براہ سنگا ریڈی و جوگی پیٹ براڈ گیج ریلوے لائن کا انجینئرنگ کم ٹرافک سروے مکمل کرلیا اور وزارت ریلوے کو نیء ریلوے کی تعمیر کے لیے 1764 کڑوڑ روپیہ کا تخمینی رپورٹ روانہ کردیا ہے۔ وزارت ریلوے کے ریلوے بورڈ نے 2019 – 2018 میں بلو بک کے آئٹم نمبر 42 کے تحت پٹن چیرو (ناگولا پلی) تا میدک براہ سنگاریڈی و جوگی پیٹ ریلوے لائن سروے کی منظوری دی تھی جس پر ساوتھ سنٹرل ریلوے نے سروے کرتے ہوے رپورٹ تیار کی۔ مجوزہ نئی ریلوے لائن ناگولا پلی تا میدک ہوگی جو سنگاریڈی اور جوگی پیٹ سے گذریگی۔ مجوزہ 89.10 کیلو میٹر طویل نئی ریلوے لائن کے لیے 1764.92 کروڑ روپیہ کا تخمینہ تیار کیا گیا جس میں سیول انجینئرنگ پر 1521 کروڑ’ ایس ائنڈ ٹی پر 93.86 کروڑ’ الکٹرکل جی ایس پر 73.45 کروڑ اور الکٹرکل ٹی آر ڈی پر 76.13 کروڑ روپیہ کے تخمینہ مصارف بتاے گئے۔ فی کیلو میٹر ریلوے لائن پر 19.81 کروڑ روپیہ خرچ ہونگے۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے 31 ڈسمبر کو ریلوے بورڈ کو مراسلہ روانہ کرتے ہوے سروے کی تکمیل کی اطلاع دی اور نئی ریلوے لائن کا تخمینہ پیش کیا۔ 29 جنوری سے پارلیمنٹ بجٹ سیشن شروع ہوگا اور یکم فروری کو عام بجٹ پیش ہوگا۔ مرکزی حکومت کے مالیتی سال 2022 – 2021 بجٹ میں اس ریلوے لائن کو رقمی منظوری ملتی ہے یا نہیں اسی پر سب کی نظریں ٹکی ہیں۔ اس بجٹ میں اگر ریلوے لائن کے لیے رقمی منظوری دی گئی تو عوام کا 40 سالہ انتظار ختم ہوگا۔ سنگاریڈی کو ریلوے لائن کا خواب 40 سال سے دیکھا اور دکھایا جا رہا ہے۔ 1980 میں شریمتی اندرا گاندھی نے حلقہ پارلیمنٹ میدک سے مقابلہ کیا اور ریلوے لائن کا وعدہ کیا تھا اس کے بعد تقریبا” ہر پارلیمانی انتخابات میں ریلوے لائن کا وعدہ کیا گیا لیکن وعدہ وفا نہیں ہوا۔ اس مرتبہ سروے کی تکمیل اور تخمینہ کی تیاری سے عوام میں پھر ایک مرتبہ امید جاگی ہے لیکن تخمینہ رپورٹ کو عمل میں تبدیل کرنے کا دار و مدار مرکزی حکومت کے بجٹ میں فنڈس کے مختص کرنے پر ہوگا۔ پربھاکر ریڈی ایم پی میدک و ڈپٹی لیڈر پارلیمنٹ ٹی آر ایس پارٹی ریلوے لائن کی منظوری کے لیے سعی کر رہے ہیں۔ جی جوگی ناتھ سابق چیرمین زرعی مارکٹ کمیٹی جوگی پیٹ و صدر ریلوے لائن سادھنا کمیٹی نے ریلوے لائن سروے مکمل ہونے اور تخمینہ کی تیاری پر اظہار مسرت کرتے ہوے کہا کہ گزشتہ 18 سال سے وہ ریلوے لائن سادھنا کمیٹی کے ذریعہ ریلوے لائن کی منظوری کے لیے سعی کر رہے ہیں۔ انھوں نے وزیر آعظم نریندر مودی ‘ وزیر ریلوے پیوش گوئل سے اپیل کی کہ وہ ناگولا پلی تا میدک براہ سنگاریڈی و جوگی پیٹ نیء ریلوے لائن کے لیے بجٹ منظور کریں۔ انھوں نے ریلوے لائن مسلہ پر پیش رفت کے لیے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راو’ ایم پی میدک کے پربھاکر ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔
