حیدرآباد۔ 27 فروری (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سپرنٹنڈنٹ پولیس سنگاریڈی کو ہدایت دی کہ کل خودکشی کرنے والی لڑکی کے والد کے ساتھ بدسلوکی کرنے والی پولیس کانسٹیبل این سریدھر کو معطل کریں۔ محمود علی نے سنگاریڈی واقعہ کے بارے میں تفصیلات طلب کرنے کے بعد یہ ہدایت دی۔ واضح رہے کہ کل جونیئر کالج کی ایک طالبہ نے خودکشی کرلی تھی اور کالج انتظامیہ کے رویہ کے خلاف لڑکی کے والد چندر شیکھر اور دوسروں نے احتجاج منظم کیا۔ احتجاج کے دوران کانسٹیبل این سریدھر نے جو پٹن چیرو پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہیں، لڑکی کے والد چندر شیکھر کو پیر سے مارا تھا۔ اس واقعہ کا ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوتے ہی پولیس کے اعلی عہدیداروں نے سریدھر کو پٹن چیرو پولیس اسٹیشن سے ہٹاکر ہیڈکوارٹر منتقل کردیا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کانسٹیبل کو معطل کرنے کی ہدایت دی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہندر ریڈی نے اضلاع کے تمام پولیس عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کرکے اس طرح کے واقعات کودہرانے کیخلاف سخت انتباہ دیا۔