پٹہ دار پاس بک کیلئے آدھار کارڈ لازمی نہیں تلنگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ

   

حیدرآباد 31 اگست (سیاست نیوز) ہائی کورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ آدھار کے بغیر پٹہ دار پاس بک کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ جسٹس ایس نندا نے واضح کیا کہ پٹہ دار پاس بک کیلئے آدھار کارڈ لازمی نہیں ہے۔ عدالت نے وقار آباد کے تحصیلدار کو ہدایت دی کہ پٹہ دار پاس بک اور ٹائٹل ڈیڈ کے دستاویزات اندرون دو ہفتے درخواست گزار آمنہ بیگم کو جاری کئے جائیں۔ وقار آباد میں 6 ایکر اراضی پر ملکیت کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ریونیو حکام نے میوٹیشن کے بعد پٹہ دار پاس بک 2003 ء میں جاری کیا تھا ۔ دھرانی پورٹل کے آغاز کے بعد ریونیو حکام نے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے کا آغاز کیا جس کے ذریعہ پٹہ دار پاس بک اور ٹائٹل ڈیڈ جاری کی جارہی ہے ۔ نئے پاس بک کیلئے بارہا درخواست دی گئی لیکن آدھار کی عدم موجو دگی کا بہانہ بناکر پاس بک کی اجرائی سے گریز کیا گیا ۔