پٹہ دار پاس بک کی عدم اجرائی پر ہائی کورٹ نے حکومت سے وضاحت طلب کی

   

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے گنڈی پیٹ منڈل کے بعض کسانوں کو پٹہ دار پاس بک کی عدم اجرائی پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ پٹہ دار پاس بک کی اجرائی کے سلسلہ میں تمام کارروائیوں کی تکمیل کے باوجود عہدیداروں نے پاس بک جاری نہیں کی جس پر کسانوں نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ جسٹس اے راج شیکھر ریڈی اور جسٹس شمیم اختر پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے سرکاری وکیل سے حکومت کا موقف طلب کیا ۔ سنگل جج کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے حکومت نے اپیل دائر کی ہے۔ سنگل جج نے کسانوں کو پٹہ دار پاس بک جاری کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ حکومت کے ریکارڈ میں پائیگاہ کی اراضی عدالت کے تحت تنازعہ میں ہے ، لہذا اراضی کے پٹے جاری نہیں کئے جاسکتے۔ کسانوں کے وکیل نے سنگل جج کے احکامات کو چیلنج کئے جانے پر حیرت کا اظہار کیا ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ سنگل جج نے پائیگاہ اراضی کے بارے میں جو احکامات جاری کئے ہیں، ان پر عمل آوری ممکن نہیں ہے ۔ عدالت نے 17 مارچ کو حکومت سے موقف کی وضاحت کی ہدایت دی ہے۔