پٹیل نگر میں دو فرقوں کے افراد میں تصادم ۔ ہلکی کشیدگی

   

حیدرآباد۔ بیگم بازار کے علاقہ پٹیل نگر میں کل رات اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر دونوں فرقوں کے افراد میں تصادم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹیل نگر گاندھی بھون میں کل رات دیر گئے ساجد نامی نوجوان مبینہ طور پر تیز رفتاری سے گاڑی چلارہا تھا اور وہاں ایک اور مقامی شخص جے ستیش نے اس پر اعتراض کیا۔ اس مسئلہ پر دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور کچھ ہی دیر میں حالات کشیدہ ہوگئے۔ ستیش نے پولیس بیگم بازار سے کی گئی شکایت میں بتایا کہ ساجد نے جھگڑے کے بعد اپنے دیگر ساتھیوں شاہنواز، ارباز، وحید اور دیگر کے ہمراہ پہنچ کر اسے زدوکوب کیا اور سنگباری کرکے املاک کو نقصان پہنچایا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی تھی اور پتہ چلنے پر بیگم بازار پولیس کی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں اور حالات کو قابو میں کرلیا۔ موجود دونوں فرقوں کے افراد کو منتشر کرکے علاقہ میں پولیس پکیٹ تعینات کردیئے گئے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں جملہ 3 ایف آئی آر درج کئے ہیں اور شیخ امجد نے بھی پولیس میں ایک شکایت درج کروائی کہ وہ دونوں گروپوں کے درمیان معاملہ کی یکسوئی کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ وہاں کا ایک نوجوان کنا نے اس کے سر پر لکڑی سے وار کردیا۔ بیگم بازار انسپکٹر مدھو موہن ریڈی نے بتایا کہ یہ معاملہ ایک محلہ کا ہے اور فرقہ وارانہ واقعہ نہیں ہے۔ پولیس نے فریقین کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔