ویلنگٹن۔ ٹسٹ میچ میں ایک اننگز میں تمام 10 وکٹیں لینے والے تین بولروں میں سے ایک اسپنر ایاز پٹیل کو اگلے ماہ انگلینڈ میں ہونے والی تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈکی 20 رکنی ٹیم میں شامل کیاگیا ہے جس کی قیادت کین ولیمسن کریں گے ۔ پٹیل نے گزشتہ سال دسمبر میں ممبئی میں ہندوستان کیخلاف دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 119 رنزکے عوض 10وکٹس لئے ہیں۔
اس طرح وہ انگلینڈ کے جم لیکر اور ہندوستان کے انیل کمبلے کی صف میں شامل ہوگئے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر نے تاہم اس کے بعد کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا۔ انہیں بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ نیوزی لینڈ نے فاسٹ بولنگ شعبہکو ترجیح دی۔ اب وہ دورہ انگلینڈ کے لیے اہم اسپنر کے طور پر ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے والے کھلاڑی ابتدائی طور پر ٹیم میں شامل نہیں ہو سکیں گے، اس لیے نیوزی لینڈ نے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ لارڈز میں 2 جون کو پہلے ٹسٹ کا آغاز ہوگا ۔اسکواڈ نے گزشتہ سال کی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لینے والے 15 کھلاڑیوں میں سے 13 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔