پچاس ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل فوری شروع کیا جائے

   

عہدیداروں کو چیف منسٹر کی ہدایت، دوسرے مرحلہ میں مزید جائیدادوں کی نشاندہی
حیدرآباد۔9 ۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری محکمہ جات کی 50 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں۔ حکومت کی جانب سے تقررات کے سلسلہ میں نئے زونل قواعد کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ اس طرح تقررات کے معاملہ میں تمام رکاوٹیں دور ہوچکی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ پچاس ہزار جائیدادوں پر پہلے مرحلہ میں تقررات کئے جائیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ تقررات کا عمل فوری طور پر شروع کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلہ کے لئے مخلوعہ جائیدادوںکی نشاندہی کی جائے۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے تلنگانہ حکومت کے نئے زونل سسٹم کو منظوری دے دی ہے۔ چیف منسٹر نے تقررات کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل پر منظم انداز میں عمل آوری نہیں کی تھی۔ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے نعرے کی تکمیل کیلئے حکومت نے نئے زونل سسٹم کو متعارف کیا ہے۔ مرکز کی جانب سے زونل سسٹم کو منظوری دینے میں تاخیر ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کافی محنت اور سائنٹفک طریقہ سے زونل سسٹم تیار کیا گیا۔50,000 جائیدادوں پر براہ راست تقررات کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ جات میں پروموشن کا عمل شروع کردیا ہے جس کے نتیجہ میں مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کابینہ کے اجلاس میں تفصیلی رپورٹ داخل کریں جس میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات شامل ہوں۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، چیف منسٹر کے سکریٹری نرسنگ راؤ ، چیف منسٹر کے سکریٹری راج شیکھر ریڈی ، پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔